کاروار ،19 / جولائی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 توسیعی منصوبے کے تحت کاروار تعلقہ میں جو چار سرنگیں تعمیر کی گئی تھیں اور ان میں موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت شروع کی گئی تھی اس پر پابندی لگنے سے اب عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
یاد رہے کہ توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کی طرف سے سرنگیں عام استعمال کے لئے محفوظ ہونے کی توثیق کرنے والافٹنس سرٹیفکیٹ پیش نہ کرنے پر ضلع انتظامیہ نے گزشتہ ایک ہفتے سے سرنگوں کا راستہ بند کر رکھا ہے اور کمپنی کی طرف سےفٹنس سرٹیفکیٹ موصول ہونے کے بعد ہی اسے ٹریفک کے لئے کھولنے کی بات کہی ہے ۔
سرنگ سے ٹریفک بند کرنے کا نتیجہ یہ ہوا ہے انکولہ سے کاروار کی طرف جانے اور کاروار سے انکولہ کی طرف آنے والی سواریوں کو پرانی سڑک کے ذریعہ سفر کرنا پڑتا ہے جو کہ اب تنگ ہوگئی ہے ۔ اس وجہ سے اس راستے پر تیز رفتار موٹر گاڑیوں کی قطار لگ جاتی ہے اور حادثہ پیش آنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ اس طرح سفر کرنے والوں کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر اس یہاں سے گزرنا پڑتا ہے ۔ اس کے علاوہ سرنگ کے مقابلے میں پرانی سڑک کے استعمال سے تقریباً 3.5 کلو میٹر کا اضافی فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے ۔
روزانہ اس سڑک سے گزرنے والوں کے لئے جو اڑچن پیدا ہوئی ہے اس کا حل نکلنے کے لئے این ایچ اے آئی کی طرف سےفٹنس رپورٹ موصول کا انتظار کرنے اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس پر فیصلہ سامنے آنے تک انتظار کرنے کی سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔